بلاگر: نوید عالم جان
ایک طرف امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا استقبال دن کی روشنی میں، سرخ قالین پر، فیلڈ مارشل عاصم منیر سیاہ پینٹ کوٹ میں، سبز ٹائی کے ساتھ۔
دوسری طرف ایرانی وفد کا استقبال رات کی تاریکی میں، سرخ قالین پر، فیلڈ مارشل فوجی وردی میں، ایرانی وفد مکمل سیاہ لباس میں۔
یہ اتفاق نہیں! دنیا کی اعلیٰ ترین سفارتکاری میں کچھ بھی اتفاق نہیں ہوتا۔
فیلڈ مارشل کے دو مختلف لباس دو مختلف پیغام
امریکی وفد کے استقبال پر پینٹ کوٹ کیوں؟

جب فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جے ڈی وینس کا استقبال سویلین پینٹ کوٹ میں کیا تو اس کا پیغام واضح تھا:
میں بطور فوجی نہیں سفارت کار استقبال کررہا ہوں، فیلڈ مارشل نے جون 2025 میں وائٹ ہاؤس لنچ کے لیے بھی سویلین لباس پہنا تھا۔ سویلین لباس یہ کہتا ہے کہ ہم آپ کے سامنے فوجی طاقت نہیں، سفارتی دانش لے کر آئے ہیں۔ امریکہ کے ساتھ تعلق برابری کی بنیاد پر ہے۔
یہ وہی اصول ہے جو 1972 میں صدر نکسن نے چین کا دورہ کرتے وقت اپنایا فوجی نہیں، سیاسی قیادت آگے۔
ایرانی وفد کے استقبال پر فوجی وردی کیوں؟
جب رات گئے ایرانی وفد اترا تو فیلڈ مارشل فوجی وردی میں تھے۔ یہ پیغام بھی صاف تھا: آپ حالت جنگ میں ہیں، میں بھی سپاہی ہوں آپکے غم کو سمجھتا ہوں، ابھی ہم بھی اپنے سے 10 گناہ فوجی طاقت کو ذلت آمیز شکست دے کر باوقار قوم اور ناقابل شکست طاقت کے طور پر ابھرے ہیں۔ آپکا غم ہمارا غم ہے، ہم آپکے ساتھ صرف ڈپلیمیٹکلی نہیں دفاعی طور پر بھی کھڑے ہیں۔ فوجی لباس نے وہ اعتماد ظاہر کیا جو الفاظ سے زیادہ گہرا ہوتا ہے۔

ایرانی وفد کا مکمل سیاہ لباس کیا پیغام؟
ایرانی وفد کا سیاہ لباس بہت گہرا سفارتی اشارہ ہے۔
سیاہ رنگ سنجیدگی، گہرائی، غم مزاحمت اور عزم کی علامت ہے ہم مذاق کرنے نہیں آئے۔ اسلامی ایرانی روایت میں سیاہ لباس عزاداری اور مزاحمت کی علامت بھی ہے ایران نے لباس کے ذریعے یاد دلایا کہ ان کے لوگ، ان کے قائد، ان کی سرزمین پر حملے ہوئے ہیں۔ انقلابی گارڈز اور ایرانی قیادت کا سیاہ لباس ایک خودداری کا بیان بھی تھا: ہم مجبوراً یہاں نہیں آئے، شرائط پر آئے ہیں۔
سیاہ نے یہ بھی کہا: ہم غمزدہ ہیں مگر جھکے نہیں بلند حوصلہ ہیں! جیسے ہم میدان جنگ میں آسان ہدف ثابت نہیں ہوئے ویسے ہی ڈائیلاگ ٹیبل پر بھی ہم بھاری رہینگے
اور رات کا وقت؟ ایران نے خود درخواست کی ہوگی کہ آمد خاموشی سے ہو میڈیا کی روشنی سے دور۔ جب سینکڑوں معصوم بچے شہید ہوچکے، اعلی ترین قیادت شہید ہوگئی ایسے میں دن کی چکاچوند کے بجائے رات کی سیاہی میں آیا جائے جو لباس کی طرح ہمارے غم اور اسکی گہرائی کو ظاہر کرے۔ رات کی تاریکی میں استقبال نے ایران کو یہ یقین دلایا کہ اسلام آباد ان کی نازک پوزیشن کو سمجھتا ہے۔
ٹائیوں کی زبان رنگ جو بولتے ہیں
فیلڈ مارشل کی گہری سبز ٹائی ایران کو کیا کہتی ہے؟
سبز رنگ اسلام کا رنگ ہے۔ ایران ایک اسلامی جمہوریہ ہے جہاں سبز رنگ انقلابی اور مذہبی شناخت کا حصہ ہے۔ گہرا سبز پاکستانی پرچم کا رنگ بھی ہے یعنی ایک ہی رنگ میں دو پیغام:
ہم مسلمان ہیں، آپ کے بھائی ہیں۔ اور یہ پاکستان کی اپنی خارجہ پالیسی ہے کسی کی کٹھ پتلی نہیں۔
یہ ٹھیک وہی وقت تھا جب دنیا پاکستان کو امریکہ کا “فرنٹ آفس” کہہ رہی تھی۔ سبز ٹائی نے خاموشی سے ایران کو بتایا: ہم آپ کے ساتھ غداری نہیں کر رہے۔
پاکستانی وفد کی نیلی اور ہلکی نیلی ٹائیاں امریکہ کو کیا کہتی ہیں؟
نیلا رنگ سفارتکاری کا عالمی رنگ ہے۔ اقوام متحدہ کا رنگ نیلا ہے۔ امریکی جمہوری روایت میں نیلا اعتدال اور ذہانت کی علامت ہے۔ پاکستانی وفد کی نیلی ٹائیوں نے امریکی وفد کو پیغام دیا: ہم آپ کے ساتھ پیشہ ورانہ، غیر جانبدارانہ اور قابل اعتماد انداز میں کام کرنا چاہتے ہیں۔ گویا لباس خود کہہ رہا تھا: ہم امن کے پیامبر ہیں۔
سفارتی لباس کی تاریخ جب دنیا کے بڑوں نے کپڑوں سے بات کی
نیلسن منڈیلا کی مادیبا شرٹ 1994
جنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فام صدر نے حلف اٹھاتے وقت مغربی سوٹ کے بجائے روایتی افریقی رنگین شرٹ پہنی۔ پیغام: نوآبادیاتی دور ختم ہوا یہ افریقہ کا افریقہ ہے۔ یہ لباس آج بھی “مادیبا شرٹ” کے نام سے مشہور ہے اور آزادی کی علامت بن چکا ہے۔

مائیکل گورباچوف کا سویلین کوٹ 1989
سوویت یونین کے آخری رہنما نے برلن وال گرنے کے بعد مغربی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں فوجی وردی ترک کر دی اور سویلین لباس اپنایا۔ پیغام دنیا کو واضح تھا: سرد جنگ ختم ہو رہی ہے، ہم اب فوجی حریف نہیں، سیاسی شراکت دار ہیں۔

ہیلری کلنٹن کا سرخ کوٹ 2010 روس دورہ
امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے ماسکو دورے پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات میں چمکدار سرخ کوٹ پہنا۔ تجزیہ کاروں نے اسے “reset button” ڈپلومیسی کا بصری پیغام قرار دیا امریکہ اور روس کے تعلقات نئے سرے سے شروع کرنے کی خواہش۔

یوکرین کے صدر زیلنسکی کا فوجی سبز لباس 2022 تا حال
صدر زیلنسکی نے جنگ شروع ہوتے ہی سوٹ ٹائی ترک کر دی اور فوجی رنگ کی سبز جرسی اپنا لی۔ اس کے بعد سے وہ اقوام متحدہ ہوں، برطانوی پارلیمنٹ ہو یا امریکی کانگریس ہمیشہ سادہ فوجی لباس میں۔ پیغام: میرا ملک جنگ میں ہے، میں سفارتی پروٹوکول کی لگژری میں نہیں جیتا۔ یہ لباس ہی اس کی سب سے بڑی سفارتی طاقت بن گیا۔

چینی رہنماؤں کا “ژونگ شان” سوٹ ماؤ سے شی تک
چین کے رہنما عشروں تک “ماؤ سوٹ” پہنتے رہے جو طبقاتی برابری کی علامت تھا۔ جب ڈینگ شیاؤ پنگ نے اصلاحات شروع کیں تو انھوں نے مغربی سوٹ اپنایا دنیا نے سمجھ لیا کہ چین کھل رہا ہے۔ آج شی جن پنگ اندرون ملک ژونگ شان سوٹ اور بین الاقوامی ملاقاتوں میں مغربی سوٹ دونوں استعمال کرتے ہیں، جو دو پیغام دو سامعین کو دیتے ہیں۔

جواہر لال نہرو کی “نہرو جیکٹ” 1940ء کی دہائی
ہندوستانی وزیرِ اعظم نہرو نے ایک مخصوص بند گریبان جیکٹ کو اپنا سفارتی دستخط بنا لیا۔ یہ نہ مغربی تھی، نہ روایتی ہندوستانی بیچ کی چیز۔ پیغام: ہندوستان نہ مشرق ہے نہ مغرب، ہم غیر وابستہ تحریک کے قائد ہیں۔ یہ جیکٹ آج بھی “نہرو جیکٹ” کے نام سے دنیا بھر میں پہچانی جاتی ہے۔

مارگریٹ تھیچر کی نیلی جیکٹ 1984 ماسکو
“آئرن لیڈی” نے سوویت رہنما گورباچوف سے پہلی ملاقات میں شاہی نیلی جیکٹ پہنی۔ بعد میں خود کہا کہ یہ اتفاق نہیں تھا میں چاہتی تھی کہ وہ دیکھیں کہ ایک مضبوط مغربی رہنما ان کے سامنے ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی لمبی سرخ ٹائی سفارتی اشارہ یا شخصیت؟
ٹرمپ کی مشہور لمبی سرخ ٹائی نفسیات دانوں کے لیے بھی دلچسپ موضوع ہے۔ سرخ ٹائی جارحانہ اعتماد کی علامت ہے “میں غالب آنے آیا ہوں، سمجھوتہ کرنے نہیں۔” جب ٹرمپ نے شمالی کوریا کے کم جونگ ان سے سنگاپور میں ملاقات کی تو سرخ ٹائی تھی کیونکہ یہ بتانا تھا کہ امریکہ طاقت کی بنیاد پر آیا ہے۔

اسلام آباد ٹالکس کا مجموعی لباسی پیغام
جب آپ تمام تصاویر ایک ساتھ دیکھیں تو ایک مکمل سفارتی بیانیہ ابھرتا ہے:
پاکستان نے امریکہ سے کہا نیلے رنگ کے ذریعے: ہم آپ کے قابلِ اعتماد ساتھی ہیں، پیشہ ور اور سنجیدہ۔
پاکستان نے ایران سے کہا سبز رنگ اور فوجی وردی کے ذریعے: ہم آپ کے مسلمان بھائی ہیں، آپ کو عزت دیتے ہیں، آپ کے ساتھ دغا نہیں کریں گے۔
ایران نے دنیا کو کہا سیاہ لباس کے ذریعے: ہم مغلوب نہیں ہوئے، ہم اپنی شرائط پر آئے ہیں۔
اور فیلڈ مارشل نے دو مختلف لباسوں سے سب کو ایک ساتھ پیغام دیا: پاکستان غیرجانبدار ثالث ہے نہ کسی کا آلہ کار، نہ کسی کا دشمن۔

لباس جب الفاظ کافی نہ ہوں
سفارتکاری کی دنیا میں ہر چیز پیغام ہے۔ میز کی ترتیب، کمرے کا درجۂ حرارت، چائے یا کافی کا انتخاب اور سب سے بڑھ کر لباس۔
کیونکہ لباس وہ پہلی چیز ہے جو سامنے والا دیکھتا ہے، سمجھتا ہے اور محسوس کرتا ہے ابھی تک ایک لفظ بولا نہ گیا ہو۔
اسلام آباد ٹاکس میں پاکستان نے نہ صرف الفاظ سے بلکہ رنگوں، کپڑوں اور وقت کے انتخاب سے بھی ثابت کیا کہ یہ سفارتکاری کسی کی ہدایت پر نہیں خالص پاکستانی ذہانت اور ریاستی پختگی کا اظہار ہے۔
جب ایک ملک اپنی ٹائی کے رنگ سے بھی پیغام دے سکتا ہو تو سمجھ لیں کہ وہ اس میز کا سب سے ہوشیار کھلاڑی ہے۔
الحمد للہ ! پاکستان، زندہ باد۔۔
