پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 8ویں میچ میں ملتان سلطانز نے صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری کی بدولت حیدرآباد کنگزمین کا 226 رنز کا ہدف عبور کرکے 6 وکٹوں سے فتح حاصل کرلی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں حیدرآباد کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں حیدرآباد کی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز بنائے۔
کنگزمین کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز معاذ صداقت نے 26 گیندوں پر 62 رنز کی دھواں دار اننگز کھلی جبکہ پی ایس ایل میں اپنی واپسی کرنے والے ہارڈ ہٹر شرجیل خان نے 26 گیندوں پر 51 رنز بنائے۔
صائم ایوب نے 27، عثمان خان نے 25، سعد علی نے 23 جبکہ عرفان خان نے 22 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کے محمد وسیم 2 وکٹیں لے کر قابلِ ذکر بولر رہے، جبکہ ایشٹن ٹرنر، پیٹر سیڈل اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ لی۔
ملتان سلطانز نے حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے دیا گیا 226 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کر لیا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے 57 گیندوں پر 106 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 8 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے، سٹیو سمتھ 46، شان مسعود 29 اور جوش فلپ 9 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ عرفات منہاس 26 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے صائم ایوب نے 2 جبکہ مہیش تھکشانا اور حسن خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔