پی ایس ایل 11: پشاور زلمی کا ناقابلِ شکست سفر برقرار، ملتان سلطانز کو 24 رنز سے شکست
کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں پشاور زلمی کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں اس نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد فیورٹ ملتان سلطانز کو 24 رنز سے شکست دے دی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز کا مضبوط مجموعہ اسکور کیا۔
زلمی کی اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں ہوا، جہاں محمد حارث نے صرف 17 گیندوں پر 38 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کو تیز رفتار اسٹارٹ فراہم کیا۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کوشل مینڈس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل تیسری نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 40 گیندوں پر 68 رنز بنائے اور ٹیم کے اسکور کو مستحکم کیا۔
دیگر نمایاں بلے بازوں میں فرحان یوسف (30)، بابر اعظم (18)، مائیکل بریسویل (14) اور افتخار احمد (10) رنز شامل تھے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے محمد اسماعیل اور پیٹر سڈل نے دو، دو جبکہ محمد نواز اور محمد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے بھی تیز آغاز کیا، تاہم صاحبزادہ فرحان 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے باوجود اسٹیو اسمتھ (31)، جوش فلیپی (32) اور شان مسعود (35) نے مزاحمت کی، مگر ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے اور سلطانز مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز ہی بنا سکی۔
پشاور زلمی کی جانب سے صفیان مقیم نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 3 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ناہید رانا نے بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 24 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ افتخار احمد نے 2 اور عامر جمال نے ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اس پچ پر 180 سے 190 رنز کا مجموعہ اچھا ثابت ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی اب تک ایونٹ میں ناقابلِ شکست ہے، جہاں وہ پانچ میچز میں چار فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، جبکہ ایک میچ بارش کے باعث متاثر ہوا۔ ملتان سلطانز کی ٹیم دوسرے نمبر پر موجود ہے۔