واشنگٹن ڈی سی (ویب ڈیسک): پاکستان نے سرمایہ کاری کے ذرائع کو وسعت دینے اور ترسیلات زر میں اضافہ کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں سفارت خانہ پاکستان میں منعقدہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (RDA) اور ترسیلات زر کے روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کو قومی معیشت کا اہم ستون سمجھتی ہے۔
یہ تقریب اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (PBA) کے تعاون سے منعقد کی گئی، جس میں بیرون ملک پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کے نئے مواقع سپر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر ملک کی معاشی استحکام میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادائیگیوں کے توازن کے شدید بحران کے دوران بھی RDA فنڈز پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی گئی۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے مزید بتایا کہ حکومت نے RDA میں نئی سہولیات متعارف کرائی ہیں، جن کے ذریعے اکاؤنٹ ہولڈرز کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں محفوظ اور منافع بخش سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنا ہے۔
تقریب کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکاء نے مختلف معاشی امور پر اپنے سوالات پیش کیے۔
