فضا علی کی وائرل ویڈیو پر حنا پرویز بٹ کی شدید تنقید، پیمرا سے نوٹس لینے کا مطالبہ
لاہور: چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے اداکارہ و میزبان فضا علی کی شوہر کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وائرل ہونے والی ویڈیو فضا علی کے مارننگ شو کا حصہ ہے، جس نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے۔
حنا پرویز بٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ X (Twitter) پر جاری بیان میں فضا علی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والے مواد کے معیار پر سوالیہ نشان کھڑا ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک خاتون اینکر کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ وہ قومی ٹی وی اسکرین پر موجود ہیں، نہ کہ اپنے گھر میں، جہاں وہ اپنی مرضی کے مطابق رویہ اختیار کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی ٹی وی پر اس قسم کی حرکات کسی صورت زیب نہیں دیتیں اور اسے “انتہائی شرمناک” قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیمرا کو اس معاملے کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔
حنا پرویز بٹ نے اپنی تنقید میں مزید کہا کہ ایک خاتون اینکر اور ان کے شوہر کی جانب سے اپنی بیٹی کے سامنے اس طرزِ عمل کا مظاہرہ نہایت افسوسناک ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے رویے نہ صرف گھریلو سطح پر غیر اخلاقی ہیں بلکہ انہیں کروڑوں ناظرین کے سامنے نشر کرنا مزید تشویشناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑوں کو چاہیے کہ وہ اچھے اخلاق اور مثبت رویے کا مظاہرہ کریں تاکہ نئی نسل بہتر اقدار سیکھ سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر اخلاقی اور غیر سنجیدہ حرکات نوجوانوں کے ذہنوں پر منفی اثرات مرتب کرتی ہیں، جس کے باعث معاشرے میں اخلاقی گراوٹ بڑھ رہی ہے۔



