(ویب ڈیسک) معروف اداکارہ مہوش حیات اور اداکار فہد مصطفیٰ کی آنے والی فلم *زومبید* کا سنسنی خیز ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے، جس نے شائقینِ فلم کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ ٹیزر سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم ناظرین کو ایک تاریک اور شدت سے بھرپور سنیما کا تجربہ فراہم کرے گی۔
فلم کو ہدایتکار و پروڈیوسر نبیل قریشی اور فضا علی میرزا کی جانب سے پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ اسے پاکستان کی پہلی زومبی فلم کے طور پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اپنے منفرد اور قدرے پرتشدد انداز کے باعث یہ منصوبہ پہلے ہی شائقین اور ناقدین کی توجہ حاصل کر چکا ہے۔
جاری کیے گئے ٹیزر میں ایک بھاری آواز میں راوی کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ “ہم نے جنگیں دیکھی ہیں، ہم نے وبائی بیماری دیکھی ہے، بس یہی رہ گیا تھا”، جبکہ اس کے ساتھ خوفناک زومبی حملوں کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں، جو فلم کے سنسنی خیز ماحول کی عکاسی کرتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فلم عیدالاضحیٰ کے موقع پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، جس میں ایکشن، ہارر اور تھرلر عناصر کا امتزاج دیکھنے کو ملے گا۔ ٹیزر میں جہاں فہد مصطفیٰ کے جنگی میدان میں ایکشن مناظر شامل ہیں، وہیں مختلف اسٹنٹ سے بھرپور سینز بھی شائقین کی توجہ کا مرکز بن رہے ہیں۔
مزید برآں، فلم میں رومانوی پہلو کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے، جس میں مہوش حیات اور فہد مصطفیٰ کے درمیان جذباتی مناظر شامل ہیں۔
اگرچہ فلم کی مکمل کہانی تاحال سامنے نہیں آئی، تاہم ابتدائی جھلکیاں ظاہر کرتی ہیں کہ زومبید روایتی پاکستانی فلمی مواد سے ہٹ کر ایک منفرد اور جرات مندانہ پیشکش ثابت ہو سکتی ہے۔
