آشا بھوسلےممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں داخل

ویب ڈیسک: بھارتی موسیقی کی لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث انہیں ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔
92 سالہ گلوکارہ شدید تھکن اور سینے کے انفیکشن میں مبتلا ہیں، جبکہ ڈاکٹرز کی ٹیم ان کا علاج کر رہی ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق آشا بھوسلے کی پوتی زنائی بھوسلے نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ ان کی دادی کی طبیعت گزشتہ کچھ دنوں سے خراب تھی، جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ خاندان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔
زنائی بھوسلے نے اپنے پیغام میں کہا، دادی شدید تھکن اور سینے کے انفیکشن کا شکار ہیں، ان کا علاج جاری ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گی۔
دوسری جانب معالج ڈاکٹر پرتیت سمڈانی کے مطابق آشا بھوسلے کو کارڈیک اریسٹ کے بعد اسپتال لایا گیا، جہاں انہیں ایمرجنسی میڈیکل یونٹ میں رکھا گیا ہے اور ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
آشا بھوسلے بھارتی فلم انڈسٹری کی سنہری دور کی آخری زندہ لیجنڈری گلوکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ انہوں نے فلمی گانوں، غزلوں، قوالی اور کلاسیکی موسیقی سمیت 20 سے زائد زبانوں میں ہزاروں گیت گائے ہیں۔
سن 2011 میں گنیز ورلڈ ریکارڈز نے انہیں دنیا کی سب سے زیادہ ریکارڈنگ کرنے والی گلوکارہ قرار دیا تھا، جو ان کے شاندار کیریئر کا ایک اہم اعزاز ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں